گلگت: (دنیا نیوز)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ گلگت میں یادگار شہدا پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔
وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ گلگت آمد پر نگران وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، نگران وفاقی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی اور نگران وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مرتضیٰ سولنگی، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے نگران وزیراعظم کو مختلف امور پر بریفنگ دی، نگران وزیراعظم نے سکول کے طلبا و طالبات سے بھی ملاقات کی اور انہوں نے طلبہ کے بنائے گئے مختلف ماڈلز کا معائنہ کیا۔
انوار الحق کاکڑ نے طلبہ کی پینٹنگز، تعلیمی، سائنسی و توانائی سے متعلق ماڈلز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور بچوں کے ماڈلز اور طلبا و طالبات کی صلاحیتوں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے اساتذہ کی خدمات کوسراہا۔
نگران وزیراعظم نے ایک طالبہ کے سائنسی ماڈل کو سراہتے ہوئے اسے تعریفی سند دینے کی ہدایت کی۔
انوار الحق کاکڑ نے طلبہ سے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے متعلق سوالات کئے، انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں میں سائنس کے میدان میں آگے بڑھنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔