اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملازموں کی تعداد، خالی اسامیوں، ریگولر اور کنٹریکٹ ملازمین کے اعدادوشمار کے معاملہ پر سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر کردی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 27 اکتوبر کو سماعت کرے گا، مختار احمد نامی شہری نے اپریل 2019ء میں رجسٹرار سپریم کورٹ کو ملازموں کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست دی تھی، رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے معلومات فراہم نہ کرنے پر شہری نے انفارمیشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔
انفارمیشن کمیشن نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو شہری کو مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کا حکم دیا تھا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے انفارمیشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا، شہری نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف رواں ماہ 21 ستمبر کو سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔