لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عوامی سہولت کیلئے بڑے منصوبے بند روڈ ایلی ویٹڈ پراجیکٹ کے دونوں پیکیجز کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کو چیف انجینئر ایل ڈی اے نے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا 7.3 کلومیٹر طویل کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ پراجیکٹ کی تعمیر 4 ماہ میں مکمل ہوگی، وزیراعلیٰ نے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا منصوبے پر کام کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: چین کی ٹیکنالوجی اور تجربے سے ہر شعبے میں استفادہ کریں گے، محسن نقوی
محسن نقوی کو بتایا گیا پیکیج ون میں نیازی تا سگیاں انٹرچینج اور پیکیج ٹو میں سگیاں انٹرچینج تا بابو صابو انٹرچینج کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور تعمیرہوگا، پراجیکٹ کے تحت 4 لین پر مشتمل دو رویہ ہائی رائز سڑک تعمیر کی جائے گی، کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور کے اطراف میں بھی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی، دوطرفہ ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کے لئے 9 سب ویز تعمیر کئے جائیں گے۔
— Lahore Development Authority (@LHRDevAuthority) September 24, 2023
وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور کی تکمیل سے روزانہ ایک لاکھ 30 ہزار گاڑیاں گزریں گی، کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور کی وجہ سے وقت اور ایندھن کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہو گی، کنٹرولڈ ایکسس کوریڈورسے حادثات اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی، منصوبے کے تحت پیکیج ون میں نیازی انٹرچینج تا سگیاں انٹرچینج کوریڈور کی تعمیر کی جائے گی۔
محسن نقوی کو بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا پیکیج ون کی لمبائی 3.65 کلومیٹر ہے، اس پیکیج کی تکمیل کا کل دورانیہ 4 ماہ ہے، منصوبے کے تحت پیکیج ون میں ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کے لئے 4 وہیکلز اینڈ پیڈسٹرین سب ویز بنائے جائیں گے، پیکیج ٹوکے تحت سگیاں انٹرچینج تا بابو صابو انٹرچینج کی تعمیر کی جائے گی۔