باغ: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر بھر میں مہنگائی کے خلاف مکمل شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی ہے۔
آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں بجلی کے بلوں میں ٹیکسز، پٹرول کی قیمت میں اضافے کے خلاف مکمل پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے، مرکزی شاہرات رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دی گئیں۔
ہڑتال کے باعث مارکیٹیں، بازار اور دیگر کاروباری مراکز بھی بند ہیں، میرپور اور پونچھ یونیورسٹی میں آج ہونے والے پرچے بھی منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔
ادھر عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر وادی نیلم کے ضلعی ہیڈکواٹر آٹھ مقام سمیت سب ڈویژن شاردہ کیل کنڈل شاہی میں بھی ہڑتال کے باعث تجارتی مراکز، مارکیٹیں اور تعلیمی ادارے بند ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث دفاتر میں سرکاری امور متاثر ہیں۔