موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے اسٹریٹجک وژن کی ضرورت ہے: مرتضیٰ سولنگی

Published On 02 November,2023 11:54 am

اسلام آباد: (فوزیہ علی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے اسٹریٹجک وژن کی ضرورت ہے۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے "پری کاپ 28" سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات سے بچنے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے، آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ کرنا ہو گا، موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کے لئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ کرہ ارض موسمیاتی تبدیلی کے خطروں سے دوچار ہے، حکومت یا کوئی محکمہ تنہاء اس مسئلے کو حل نہیں کر سکتا، ہمیں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے اسٹریٹجک وژن کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پورے معاشرے کو احساس کرنا ہو گا، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے ہمیں بہت سے معاشرتی مسائل کا سامنا ہے، جب تک ہم معاشرے میں تبدیلی نہیں لائیں گے موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نہیں نمٹ سکتے۔

نگران وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ والدین، اساتذہ اور دیگر طبقوں کو موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات کو زیر بحث لانا ہوگا، ہمیں پورے کلچر سسٹم کو تبدیل کرنا ہوگا، میڈیا کو موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا جبکہ موسمیاتی تبدیلی کے تدارک کے لئے شجرکاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہو گا۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی پورے انسانی نظام کے لئے خطرہ ہے، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ہم غیر محفوظ ملک ہیں، اگرچہ موسمیاتی تبدیلی کے خطرات میں ہمارا کردار نہیں لیکن اس کی تباہی سے سب سے زیادہ ہم متاثر ہوئے ہیں۔