اسلام آباد: (دنیا نیوز) پرویز مشرف کیخلاف قائم کردہ خصوصی عدالت ختم کرنے کے فیصلے کیخلاف اپیل سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر ہو گئی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں چار رکنی لارجربینچ 10 نومبر کو سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس منصور علی شاہ ،جسٹس امین الدین خان شامل، جسٹس اطہر من اللہ بھی 4 رکنی لارجر بینچ کا حصہ ہیں۔
خصوصی عدالت ختم کرنے کے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف درخواست گزار نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، پاکستان بار کونسل نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
حافظ عبدالرحمان انصاری اور توفیق آصف نے بھی لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، غداری کیس میں خصوصی عدالت نے پرویز مشرف مرحوم کو سزائے موت دی تھی، خصوصی عدالت کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔
جنوری 2020ء میں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مظاہر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے خصوصی عدالت غیر آئینی قرار دیدی تھی۔