بلاول بھٹو سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی ملاقاتیں، سیاسی صورتحال پر بات چیت

Published On 07 November,2023 07:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے مختلف سیاسی، سماجی رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں اور ملکی سیاسی و انتخابی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر شگفتہ جمانی نے ملاقات کی، ملاقات میں نائب صدر روبینہ قائمخانی، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مہرین بھٹو اور سیکرٹری اطلاعات سعدیہ جاوید بھی موجود تھیں، اس موقع پر ملک میں عام انتخابات میں خواتین کی شمولیت کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

بلاول ہاؤس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پی پی رہنما مخدوم فخرالزمان کی ملاقات ہوئی جس میں مٹیاری کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پی پی پی رہنما نبیل گبول اور نادر گبول نے بھی بلاول بھٹو سے ملاقات کی، اس موقع پر لیاری کی سیاسی اور انتخابی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔

سندھ حکومت کے سابق وزیر مخدوم محبوب الزماں نے بلاول ہاؤس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، اس موقع پر حیدرآباد کی سیاسی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔

سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے کیماڑی ٹاؤن کے چیئرمین ہمایوں خان اور سابق معاون خصوصی آصف خان نے ملاقات کی، اس موقع پر کیماڑی کی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔