اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے پروفیشنل ٹیکس وصولی کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کنٹونمنٹ بورڈ پروفیشنل ٹیکس وصول نہیں کر سکتا، کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے وصول کردہ ٹیکس غیر قانونی ہے، آئین کے آرٹیکل 163 کے تحت ٹیکس کی وصولی کی پوری سکیم موجود ہے، سپریم کورٹ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے سے مکمل اتفاق کرتی ہے۔
سپریم کورٹ کے تحریری فیصلے میں کہا گیا عدالت نے پروفیشنل مد میں وصول کردہ ٹیکس واپس کرنے کا حکم دیا، آئین صرف صوبائی حکومت کو ہی پروفیشنل ٹیکس کی وصولی کا اختیار دیتا ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے 9 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا گیا۔
سپریم کورٹ میں سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی تھی، سندھ ہائیکورٹ نے کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے پروفیشنل ٹیکس وصولی کو غیر قانونی قرار دیا تھا، سپریم کورٹ نے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔