اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہوگی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں چار رکنی لارجر بنچ سماعت کرے گا، بنچ میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس امین الدین، جسٹس اطہر من اللہ شامل ہوں گے۔
یاد رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے سزائے موت کیخلاف اپیل دائر کی تھی، خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو پھانسی کی سزا سنائی تھی، خصوصی عدالت ختم کرنے کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف درخواست گزار نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، پاکستان بار کونسل نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، حافظ عبدالرحمان انصاری اور توفیق آصف نے بھی لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
خصوصی عدالت کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے، جنوری 2020 میں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے خصوصی عدالت غیر آئینی قرار دیدی تھی۔