سیاست عزت کیلئے کرتے ہیں، ن لیگ کو اصولوں کیلئے چھوڑا: ثنا اللہ زہری

Published On 10 November,2023 09:54 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما سردار ثنا اللہ زہری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو اصولوں کے لیے چھوڑا ہے، ن لیگ کی قیادت نے مجھے جلسوں میں آنے سے روکا، سیاست عزت کے لیے کرتے ہیں، فیصلہ کیا تھا نواز شریف کو زندگی بھر نہیں چھوڑیں گے۔

پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنما عبدالقادر بلوچ، سردار ثناء اللہ زہری و دیگر رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی، جس سے خطاب کرتے ہوئے ثنا اللہ زہری نے کہا کہ اگر میں مجرم ہوں میں نہیں آیا پی ڈی ایم کے جلسے میں توپھر بات کریں، سیاست کا ایک اصول ہوتا ہے، سیاست کا مقصد عزت کمانا ہوتا ہے، میں نواب نوروز خان کا نواسا ہوں، ہم نے پھانسی کو چوم کر قبول کیا۔

ثنا اللہ زہری نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا مزاج پیپلز پارٹی سے جڑا ہے، بلوچستان کے عوام پیپلز پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے، بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی بلوچستان میں پہلے نمبر پر آئی، عوام کا مزاج اس بار پیپلز پارٹی کی طرف ہے، پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے بلوچستان میں کامیاب ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ٹکٹس کیلئے درخواستوں کی تاریخ میں توسیع کر دی

انہوں نے کہا کہ جس دن بلاول اپنی تقریرکریں گے اس میں بلوچستان کےمسائل پر تفصیلی گفتگو کریں گے، بلوچستان میں اس مرتبہ بھی مخلوط حکومت ہی بنے گی، اس مرتبہ بھی کوشش ہوگی پیپلز پارٹی سنگل لارجسٹ پارٹی بنے، میرے حلقہ میں کالج، ہسپتال، یونیورسٹی ملے گی۔

ثنا اللہ زہری نے کہا کہ مکران میں میڈیکل کالج بنایا ہے، فنڈ نہیں دئیے جاتے اور ملبہ سرداروں پر ڈال دیا جاتا ہے، جب میں سی ایم تھا تو وژن یہی تھا کہ پڑھا لکھا خوشحال بلوچستان۔

پی پی رہنما عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے 65 ممبران میں سے کتنے سردار ہیں، 2013ء میں قومی اسمبلی میں کتنے سردار تھے، ثنااللہ زہری پورے صوبے کی نمائندگی کرتے ہیں، امن و امان میں سیاسی رسوخ کی وجہ سے ان کا کردار ہے، میں نے اور ثنا اللہ زہری نے 3 سال پہلے (ن) لیگ کو چھوڑ دیا ہے۔