لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف سے منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والی سیاسی شخصیات نے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
ملاقات کے دوران ریٹائر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خالد رانجھا ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں شامل ہوئے، اس موقع پر سابق ایم این اے ناصر بوسال اور پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ن لیگ شہباز شریف نے کہا کہ آپ سب کو معمار وطن جماعت میں خوش آمدید کہتا ہوں، مسلم لیگ (ن) عوام کی اکثریت کی نمائندہ اور سب سے بڑی جماعت ہے جو عوام کی خدمت میں اپنا ثانی نہیں رکھتی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے مشروط ہے: شہباز شریف
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کی فیصلہ کن جدوجہد کریں گے، آپ کے آنے سے پاکستان کی معاشی بحالی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کی جدوجہد مزید تیز ہوگی۔
ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خالد رانجھا نے قائد ن لیگ محمد نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو کامیاب بنائیں گے، ن لیگ کی انتخابی فتح میں ہی پاکستان اور عوام کی بھلائی ہے۔