سکیورٹی فورسز کا ضلع پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں آپریشن، 4 دہشتگرد جہنم واصل

Published On 16 November,2023 12:30 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے ضلع پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں آپریشن کرتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونیوالے دہشتگردوں میں بدنام زمانہ دہشتگرد کمانڈر شینے بھی شامل ہے جبکہ کمانڈر سلمان عرف احمد، عمران عرف محمد اور حضرت عمر عرف خالد بھی جہنم واصل ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ہلاک دہشتگرد بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے کئی واقعات میں ملوث تھے جبکہ چاروں قانون نافذ کرنے والے ادروں کو بھی مطلوب تھے، ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔