لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کیساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
کمرہ عدالت میں کورٹ رپورٹرز سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے صدر تحریک انصاف چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ خدا کی قسم مجھے آج تک کسی نے پریس کانفرنس کا نہیں کہا، چیئرمین پی ٹی آئی میرے ساتھ والے سیل میں ہیں، آئی ایم ایف اور یورپی یونین کے لوگ چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو اتنے ووٹ پڑیں گے جس کی کوئی حد نہیں ہوگی، ن لیگ کے پاس لاہور سمیت پورے پاکستان میں الیکشن کیلئے بندے نہیں ہیں، ہمارے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمیشہ ہی اچھے تعلقات رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پرویز الہٰی کی سنگل بنچ کے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت ملتوی
صدر تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، الیکشن کی تاریخ سپریم کورٹ کے کہنے پر ملی ہے اس الیکشن میں دھاندلی نہیں ہوگی۔
قبل ازیں چودھری پرویز الہٰی کو پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے میں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد کی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے صدر تحریک انصاف کو اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دیتے ہوئے پرویز الہٰی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کے احکامات جاری کر دیئے۔