پرویز الہٰی کی سنگل بنچ کے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت ملتوی

Published On 16 November,2023 11:32 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی سنگل بنچ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت 23 نومبر تک ملتوی کردی۔

لاہور ہائیکورٹ میں پرویز الہٰی کو مجسٹریٹ کی جانب مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ معطل کرنے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت ہوئی، جسٹس شہرام سرور چودھری کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، پرویز الہٰی کی طرف سے آفتاب باجوہ ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔

دوران سماعت وکیل پرویز الہٰی نے مؤقف اختیار کیا کہ مجسٹریٹ نے ریکارڈ دیکھ کر ہی سابق وزیراعلیٰ کو مقدمے سے ڈسچارج کیا، جس پر عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ آپ کے کیس میں نظر ثانی کی درخواست مسترد ہو چکی ہے، مناسب تھا آپ نظر ثانی کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ جاتے۔

عدالت میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے اپیل کے قابل سماعت نہ ہونے پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انٹر کورٹ اپیل قابل سماعت نہیں ہے جس پر جسٹس شہرام نے ریمارکس دیئے کہ آپ یہ بات نہ کریں ،آپ کا سنگل بنچ سے رجوع کرنا کیا درست تھا؟ بادی النظر میں سرکار نے بھی قانون کو بائی پاس کرکے سنگل بنچ سے رجوع کیا۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے اپیل کے قابل سماعت ہونے پر تیاری کے لیے مہلت طلب کی، عدالت نے سرکاری وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 23 نومبر تک ملتوی کر دی۔