لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی پنجاب کابینہ کے ہمراہ علیٰ الصبح لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کے دورے پر پہنچ گئے۔
صوبائی وزراء عامر میر، اظفر علی ناصر، بلال افضل، ابراہیم حسن مراد اور صوبائی مشیر کھیل وہاب ریاض ہمراہ تھے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صوبائی وزراء کے ساتھ لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری کا 2 گھنٹے طویل دورہ کیا، انہوں نے مراکہ سے بحریہ ٹاؤن تک منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے مختلف مقامات پر منصوبے کے زیرتعمیر 3 برجز پر جاری کام کا معائنہ کیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ارتھ ورک اور پتھر ڈالنے کے کام کا بھی مشاہدہ کیا، محسن نقوی نے ہدایت کی کہ مراکہ انٹرچینج کو جتنا جلد ممکن ہو مکمل کیا جائے، رنگ روڈ کے ساتھ سروس لین کی تعمیر کے کام کو بھی مقررکردہ مدت میں مکمل کیا جائے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چیئرمین لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کو روزانہ پراجیکٹ کا وزٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اضافی ورک فورس لگا کر کام کو تیز کیا جائے، آنے والے دنوں میں دھند کے خدشے کے پیش نظر تعمیراتی کاموں کے لئے پیشگی پلاننگ کی جائے تاکہ کسی بھی سطح پر تاخیر نہ ہو۔
محسن نقوی نے منصوبے کو ہر صورت جنوری تک مکمل کرنے کی ہدایت کی، ایف ڈبلیو او کے کرنل احمد نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پراجیکٹ پر پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا، وزیراعلیٰ کو ارتھ ورک اور سب ویز پر ہونے والی پراگرس پر بھی بریف کیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ایف ڈبلیو او کے کیمپ آفس میں اجلاس بھی منعقد ہوا، محسن نقوی کو پراجیکٹ کے مکمل کئے گئے کاموں اور ٹائم لائن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے پر مجموعی طور پر 42 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے، زیر تعمیر 6 برجز کا 53 فیصد اور سب ویز کا 63 فیصد کام مکمل ہے، 2600 ڈمپرز کے ذریعے مٹی ڈالی جا رہی ہے، جلد تعداد 3200 ڈمپرز تک بڑھا دی جائے گی۔
سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، چیئرمین لاہور رنگ روڈ اتھارٹی، ڈپٹی کمشنراورایف ڈبلیو او کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔