کچھ سیاسی جماعتیں شب خون مارنے کی کوششیں کر رہی ہیں: سید امین الحق

Published On 18 November,2023 11:08 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ایم کیو ایم مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما سید امین الحق نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتیں شب خون مارنے کی کوششیں کر رہی ہیں، 2018ء کے انتخابات میں ایم کیو ایم کو ہرانے کے لئے آر ٹی ایس کا بیٹھا دیا گیا تھا۔

سید امین الحق نے کہا کہ جن لوگوں کو لاڈلہ بنا کر حکومت بنائی گئی وہ کہاں ہیں؟ چیئرمین پی ٹی نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا، کیا آپ نے نوکریاں دیں یا پچاس لاکھ گھر بنا کر دیئے، چیئرمین پی ٹی آئی نے تیسرا وعدہ کیا تھا گورنر ہاؤس، سی ایم ہاؤس اور وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی میں تبدیل کریں گے۔

رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ ہم نے شہریوں کی سہولت کے لئے اورنگی ٹاؤن میں فلائی اوور بنایا، اورنگی کے نوجوانوں کے لئے ہم نے ورچوئل یونیورسٹی قائم کر کے دی، اورنگی کا نوجوان علاقے میں رہ کر بی اے اور ایم ایس سی کر سکتا ہے، ہمیں ماڈل ٹیکنالوجی کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔

سید امین الحق نے کہا کہ ہمارے زمانے میں کراچی دنیا کے 12 تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شمار ہوتا تھا۔