کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کو فلسطین سے بدتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ایم کیو ایم کے کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج کراچی دنیا کے چار بدترین شہروں میں شمار ہوتا ہے، شہر میں کھلے ڈھکن نہ ہونے کے باعث بچے مر رہے ہیں، ہمارا پانی چوری کرکے ہمیں بیچا جاتا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم پچھلے ایک سال سے مضبوط اور متحد ہے، ایم کیو ایم کسی کو الیکشن اور ووٹ چھیننے نہیں دے گی، ایم کیو ایم 2013ء کی پوزیشن واپس لے گی، ہمیں اگر مینڈیٹ ملا تو اس شہر کو سنوار دیں گے۔
ایم کیو ایم کے کنوینر نے مزید کہا کہ قصبہ علی گڑھ کے لوگوں نے ایم کیو ایم کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے، پیپلزپارٹی کو ووٹوں کی بھیک مانگنے کے لئے ہمارے دروازے پر آنا پڑا، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اس شہر میں مہاجروں کو پختونوں سے لڑایا ہے۔