شہبازشریف سے گجرات کے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات، انتخابات بارے تبادلہ خیال

Published On 23 November,2023 09:13 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے چودھری عابد رضا کوٹلہ کی قیادت میں گجرات کے سابق ارکان پارلیمنٹ، سابق ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی۔

شہبازشریف سے ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی اور انتخابات کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، پارٹی رہنماؤں نے اپنے علاقوں میں انتخابی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے پارٹی صدر کو آگاہ کیا، شہبازشریف نے پارٹی عہدیداروں، رہنماؤں اور کارکنوں کے جذبے کو سراہا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عوام مطمئن ہیں کہ قائد نوازشریف ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے آ گئے ہیں، قوم نے چار سیاہ برسوں میں مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی کا چلا کاٹا، انشاء اللہ مہنگائی کی خزاں سے نجات اور آسانیوں کی بہار کا موسم جلد پھر شروع ہوگا۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں پورا پاکستان متحد اور یکسو ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان پھر ترقی کرے گا، صنعت اور تجارت کا پہیہ چلے گا، غریب کا چولہا جلے گا، نوازشریف کے آنے سے غریبوں کی امیدیں پھر سے جاگی ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ غریبوں کو پہلے مایوس کیا نہ آئندہ کریں گے، نواز شریف کی قیادت میں ملک کو معاشی خود انحصاری کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔

ملاقات کرنے والوں میں چودھری عابد رضا، نوابزادہ طاہر الملک، راجہ اسلم خان، نوابزادہ غضنفر علی گل، چودھری علیم اللہ وڑائچ، چودھری جعفر اقبال اور دیگر رہنما شامل تھے۔