لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پاکستان ٹیلی ویژن کی 59 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی اور وفاقی وزیر مرتضیٰ سولنگی اور صوبائی وزیر عامر میر کے ہمراہ کیک کاٹا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سالگرہ کی تقریب میں بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے پنجاب اور حکومت پنجاب کی طرف سے پی ٹی وی والوں کو 59 ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتا ہوں، میری نیک خواہشات پی ٹی وی اوراس کے ملازمین کے ساتھ ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سرکاری تقریب تب تک شروع نہیں ہوتی جب تک پی ٹی وی کا کیمرہ آن نہ ہوجائے، بطور براڈ کاسٹر سمجھتا ہوں کہ ٹیکنالوجی تیزی سے ترقی کررہی ہے، پی ٹی وی بہترین ادارہ ہے، جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل میڈیا پر مزید کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کیساتھ آگے بڑھنے کیلئے پی ٹی وی کو ڈیجیٹل میڈیا پر کام کرنا ہوگا، پی ٹی و ی کو 70 فیصد ڈیجیٹل میڈیا اور 30 فیصد الیکٹرانک میڈیا پر فوکس کرنا چاہئے، جو ادارے پرنٹ میڈیا تک رہے، وہ الیکٹرانک میڈیا میں پیچھے رہ گئے، بطور انٹرنی پی ٹی وی کا آڈٹ کرنے اس بلڈنگ میں آتا رہا ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ مرتضیٰ سولنگی کا تبصرہ جامع اور دیانتدارانہ ہوتا ہے، ہم منتری مانتے ہیں، مرتضیٰ سولنگی نے ریڈیو پاکستان میں اصلاحات کیں اوراب انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سنبھال رہے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ لوگ محسن نقوی کو اب محسن ماننے لگے ہیں، آپ کو پنجاب کاشیر شاہ سوری کہا جانا چاہئے، بطور صحافی براڈ کاسٹرمحسن نقوی کو ترقی کا سفر طے کرتے دیکھا۔