لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ میں فلسطین پر ہونے والے ظلم کے خلاف کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ آج پوری دنیا میں یوم یکجہتی فلسطین منایا جا رہا ہے، 7 اکتوبر کو فلسطین میں حملوں کا آغاز ہوا تب سے اب تک پاکستان اپنے موقف پر کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں بھی کمیشن کا مطالبہ کیا اور آرمی چیف نے بھی فلسطین کے سفیر کو جی ایچ کیو بلا کر اپنے موقف سے آگاہ کیا۔
طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ اگر فلسطین کے پاس مضبوط فوج ہوتی تو آج فلسطین کے ساتھ ایسا نہ ہوتا، پاکستان میں بھی فوج اور قوم میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان ہمارا بھائی، افغانستان کا امن پاکستان کا امن ہے لیکن اسے بھی سمجھنا ہو گا کہ پاکستان کا امن افغانستان کا امن ہے۔