لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں عدالت نے سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس نے اڈیالہ جیل سے ضلع کچہری لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد کے روبرو پیش کیا۔
دوران سماعت اینٹی کرپشن حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ پرویز الہٰی کے خلاف اینٹی کرپشن میں پنجاب اسمبلیوں میں غیر قانونی بھرتیوں کا مقدمہ درج ہے، سابق وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی میں گریڈ 17 کے عہدوں پر 12 غیر قانونی بھرتیاں کیں، پنجاب اسمبلی میں امیدواروں کے ریکارڈ میں ردوبدل کیا گیا۔
اینٹی کرپشن حکام نے مزید کہا کہ بھرتی کے عمل میں جعل سازی کیلئے جعلی ٹیسٹنگ سروسز کی خدمات لی گئیں، انکوائری میں پنجاب اسمبلی میں بھرتیاں جعلی ثابت ہوئیں۔
بعدازاں عدالت نے سابق وزیراعلیٰ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی کو دوبارہ 14 دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔