ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے فنڈز کا استعمال میرٹ پر ہونا چاہئے: نگران وزیراعظم

Published On 30 November,2023 10:28 pm

دبئی: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے کے لئے فنڈز کا استعمال میرٹ پر ہونا چاہئے۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ اس اہم مسئلے کے لئے ترقی یافتہ ملکوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، پاکستان کے لئے ماحولیاتی تبدیلیوں کے سنجیدہ مسائل ہیں، ماحولیاتی تبدیلی اب ایک موضوع نہیں اہم چیلنج ہے۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ترقی یافتہ ملک ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے کلیدی کردار ادا کریں، ماحولیاتی تبدیلی نے پاکستان کو شدید متاثرکیا، پاکستان ماحولیاتی بہتری کے لئے کوئلے سے چلنے والے منصوبوں کو متبادل توانائی پرمنتقل کر رہا ہے۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے تحت فریم ورک پرعملدرآمد میں وقت لگ سکتا ہے، ابتدائی طورپر متاثرہ ملکوں کے لئے عالمی بینک کے تحت اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔