کوئٹہ : (دنیانیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ سی پیک کی بدولت گوادر اور بلوچستان ترقی کی دوڑ میں سب سے آگے نکل آئے ہیں۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور چینی سفیر نے گوادر میں سمندری پانی کو قابل استعمال بنانے کے پلانٹ کا افتتاح کردیا ۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ مجھے آج بہت زیادہ خوشی ہورہی ہے، بلوچستان کے ساتھ نسبت کو جوڑنے میں دلی مسرت ہوتی ہے، اکتوبر میں بی آر آئی کی کانفرنس میں شرکت کیلئے گیا، چین میں ہمارے دورانیے کو بہت یادگار بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دو اقوام میں جب قربت پیدا ہوتی ہے تو زبان کا استعمال بھی ہوتا ہے، پاکستان چائنہ کے تعلقات کیلئے ہم مختلف اصطلاحات استعمال کرتے ہیں، اصل روح کو بیان کرنے کا مقصد ہوتا ہے کہ ہم دونوں ممالک کتنے قریب ہیں۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ قدرت نے جب زمین کا نقشہ کھینچا تو فیصلہ کیا کہ پاکستان چین ساتھ ساتھ رہیں گے، وہ ازلی فیصلہ ابدی اہمیت اختیار کرگیا ہے، چائنہ کی ماڈرنائزیشن کا سفر انسانی تاریخ میں اہم سفر ہے، صدر شی جن پنگ کی ملک کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب چائنہ ترقی کرتا ہے تو پھر سب ترقی کرتے ہیں، ترقی کرنے والوں میں پاکستان سب سے پہلے آتا ہے، پاکستان میں بلوچستان سب سے پہلے آتا ہے، گزشتہ کئی سالوں سے پینے کا پانی ایک گھمبیر مسئلہ تھا، ہم چینی دوستوں کے مشکور ہیں، چینی دوستوں نے یہاں 150بیڈز پر مشتمل ہسپتال کا افتتاح بھی کرادیا۔
انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ سی پیک کی برکت سے ہی تمام آسانیاں پیدا ہوئیں، گوادر اور بلوچستان کی ترقی میں ہوسکتا ہے رفتار تیز نہ ہو، گوادر اور بلوچستان کی ترقی آگے کی جانب جارہی ہے اس نے پیچھے نہیں آنا ، جو لوگ سمجھتے ہیں اس ترقی کو روک دیں تو وہ تاریخی غلطی کررہے ہیں، گوادر ایئرپورٹ بھی فعال ہونے والا ہے، ہماری آبادی کم ہے مواقع اور ریسورسز بہت زیادہ ہیں ، آنے والے سالوں میں ٹریلین ڈالرز کی سرمایہ کاری چائنہ اور اسکے اردگرد ہوگی۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں،اور فائدہ لیں، ناراض ہوں گے تو تصویر میں دکھائی بھی نہیں دیں گے، اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کو کوئی نہ کوئی منفرد ہنر عطا کیا ہوتا ہے، زندگی میں کامیابی یہ ہے آپ اپنی روح کی تلاش کریں، زندگی میں صرف وزیراعظم بننا کامیابی نہیں،اچھا مچھیرا بننا بھی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو یہ تاریخی موقع میسر ہے، تمام بلوچستان کے عوام آئیں اور اس موقع سے فائدہ اٹھائیں، گوادر ایک چھوٹا سا قصبہ تھا،یہ بڑے انڈسٹریل حب کی طرف سفر مکمل کرے گا، ہماری آئندہ نسلیں گواہ ہوں گی۔