اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کے لئے پونے 3 لاکھ سے زائد فوج کی مدد طلب کر لی۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کے لئے 5 لاکھ 91 ہزار106 سکیورٹی اہلکار درکار ہیں، چاروں آئی جیز نے بتایا کہ دستیاب نفری 3 لاکھ 28 ہزار 510 ہے، آئندہ عام انتخابات کے لئے 2 لاکھ 77 ہزار 558 سکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔
الیکشن کمیشن کے وزارت داخلہ کو ارسال کئے گئے خط میں لکھا گیا وفاقی دارالحکومت میں 9 ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی ضرورت ہے، اسلام آباد کیلئے 4500 سکیورٹی اہلکار دستیاب ہیں، شہرِ اقتدار میں 4500 اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔
الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ پولنگ سٹیشنز پر پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی ضرورت ہے، فوج اور سول آرمڈ فورسز کی بطور سٹیٹک اور کوئیک رسپانس فورس تعیناتی یقینی بنائی جائے، 7 دسمبر سے پہلے الیکشن کمیشن کو اس سے متعلق آگاہ کیا جائے۔