بلاول بھٹو کی عام انتخابات کے حوالے سے تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت

Published On 05 December,2023 09:53 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں سندھ پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری کو پیپلز پارٹی سندھ کے پارلیمانی بورڈ نے عام انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق تجاویز دیں، 27 دسمبر کو ہونے والے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یوم شہادت کے پروگرام کے انعقاد اور انتظامات کے حوالے سے بھی تجاویز دی گئیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس میں شرکا کو عام انتخابات کے حوالے سے تیاریوں کو تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔

اجلاس میں نثارکھوڑو، جنرل سیکرٹری وقار مہدی اور سیکرٹری اطلاعات عاجز دھامرا، سید مراد علی شاہ، ناصر شاہ، سعید غنی، قادر پٹیل اور مکیش کمار چاولہ بھی شریک ہوئے۔