گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سپریم کورٹ ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کا جلد فیصلہ کرے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد بدلہ لینا نہیں ہے ہم تاریخ کو درست کرنا چاہتے ہیں، ذوالفقارعلی بھٹو بے گناہ تھے، بطور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اقوام متحدہ میں پاکستان کا مقدمہ پیش کیا۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بھارتی سرزمین پر کھڑے ہوکر بلاول بھٹو نے کشمیریوں کا مقدمہ لڑا،بلاول بھٹو تمام جماعتوں کے لئے لیول پلیئنگ فیلڈ مانگ رہے ہیں، اگر کسی کے خلاف کوئی مقدمہ ہے تو اس کا ٹرائل کرو۔
پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ شہبازشریف نے مطالبہ کیا تھا بلاول بھٹو وزیر خارجہ بنیں، پی ٹی آئی حکومت میں دوست ممالک ہم سے ناراض تھے، بلاول بھٹو نے دوست ممالک کو راضی اور ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کے لئے اہم کردار ادا کیا تھا۔
قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ باقی جماعتوں کے بچے بھی ہمارے بچے ہیں، یہ نہیں ہوسکتا کہ سلیکٹڈ ڈیموکریسی لیکر آئیں۔