لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے 9 سال مکمل ہونے پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اے پی ایس سانحہ میں شہید ہونے والوں کی 9 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 16 دسمبر 2014 کا دن ہم کبھی نہیں بھول سکتے، نو سال پہلے آج کے دن ہمارے معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہم شہدا، ان کے والدین اور اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کے غم میں شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن پوری قوم دہشت گردی کے خلاف ایک بیانیے پر جمع ہوئی، 9 سال پہلے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں دہشت گردی کے خاتمے کی فیصلہ کن جنگ شروع کی گئی تھی، ضرب عضب اور ردالفساد کے ذریعے دہشت گردوں کا صفایا کیا گیا۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ آج کے دن سکیورٹی فورسز کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بہادری اور شجاعت سے لڑ رہی ہیں، سابق وزیراعظم نواز شریف کی دہشت گردی کے خاتمے کی پالیسی پر عمل نہ روکا جاتا تو آج دہشت گردی دوبارہ زندہ نہ ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ وقت نے ثابت کیا کہ دہشت گرد کسی کے دوست نہیں، دہشت گردی مذمت سے نہیں، پاکستان دشمنوں کی مرمت سے ختم ہوگی، افسوس دہشت گردوں کو واپس لا کر قوم کی زندگی سے کھیلا گیا، ملک کا امن تباہ کیا گیا، معیشت کی بنیادیں ہلا دی گئیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آج پھر سابق وزیراعظم نواز شریف جیسے آہنی عزم و ارادے اور فیصلہ کن کارروائی کی ضرورت ہے، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔