سردیوں کی چھٹیاں: میٹرو بس، اورنج ٹرین پر طلبا کیلئے مفت سفری سہولت ختم

Published On 16 December,2023 11:41 am

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب نے موسم سرما کی چھٹیوں کے باعث میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین پر طلبا و طالبات کیلئے مفت سفری سہولت ختم کر دی۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب احمد جاوید قاضی نے کہا کہ موسم سرما کی چھٹیوں کا آغاز ہو گیا ہے جس کے سبب میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین پر طلبا و طالبات کیلئے مفت سفری سہولت تاحکم ثانی ختم کر دی گئی ہے جس کا اطلاق آج سے ہوگا۔

احمد جاوید قاضی کا کہنا تھا کہ میٹروبس اور اورنج لائن ٹرین پر طلبا وطالبات کیلئے مفت سفر کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ 18 دسمبر سے یکم جنوری تک ہونے والی چھٹیوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا ہے کہ موسم سرما کی چھٹیوں کے اختتام پر مفت سفری سہولت سے متعلق حتمی فیصلہ صوبائی کابینہ کرے گی۔