راولپنڈی: (دنیا نیوز) ترجمان بانی پی ٹی آئی عمیر نیازی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا توہینِ عدالت کا نوٹس ابھی تک مجھے نہیں ملا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمیر نیازی نے کہا کہ توہین عدالت سے متعلق سپریم کورٹ کا آرڈر پڑھا ہے لیکن اس کا باقاعدہ نوٹس ابھی تک مجھے نہیں ملا، البتہ سپریم کورٹ نے وضاحت طلب کی اس کا باقاعدہ جواب داخل کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہماری پٹیشن الیکشن میں تاخیر کیلئے نہیں تھی ہم لیول پلیئنگ فیلڈ چاہتے ہیں، جمہوریت کو جنہوں نے ڈی ریل کیا ہے پہلے ان کو تو پکڑیں، ہمارا مقصد ہے الیکشن ہوں اور صاف و شفاف ہوں۔
عمیر نیازی کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کو ہم نے خود جانے دیا، ضیاء الحق اور ایوب خان کا ہم کچھ نہیں کر سکے، اگر میری طاقت ان سب سے زیادہ ہے تو دیکھنے والی بات ہے۔
واضح رہے کہ ترجمان بانی پی ٹی آئی عمیر نیازی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ الیکشن کمیشن کو آر اوز اور ڈی آر اوز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا تھا۔
اس کے بعد سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن کمیشن کی جانب سے آر او اور ڈی آر اوز کی تعیناتی سے متعلق فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی وکیل عمیر نیازی کو نوٹس جاری کر کے وضاحت طلب کی تھی۔