لاہور: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو آزاد حیثیت میں انتخابی نشانات الاٹ کر دیئے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے آزاد امیدواروں کو الاٹ کئے گئے نشانات میں جوتا، چینک، چمٹا، بکری، بھیڑ، کھسہ، توا، زبان، سبز مرچ، چارپائی، کنواں، فرائی پین، جہاز، ریکٹ، انار، ہینڈ پمپ، مور، گھڑیال، حقہ، رندا، چارجر شامل ہیں۔
بیرسٹرگوہر علی خان کو ’چینک‘ کا نشان الاٹ کیا گیا جبکہ شوکت یوسفزئی کو ’ریکٹ‘ کا نشان مل گیا۔
پارٹی رہنما شہریارآفریدی کو ’بوتل‘ کے نشان پر الیکشن لڑنا ہوگا، شاندانہ گلزار کو ’پیالہ‘ اور مہر بانو قریشی کو ’چمٹا‘ کا انتخابی نشان دیا گیا ہے۔
ملتان سے زین قریشی کو ’جوتے‘، ڈاکٹر ریاض لانگ کو ’راکٹ‘، لاہور سے عالیہ حمزہ ملک کو ’ڈائس‘ ، بھکر سے ثناء اللہ خان مستی خیل کو ’لیٹربکس‘ کا نشان مل گیا۔
این اے 118 سے محمد خان مدنی کو ’بھیڑ‘، میاں اسلم اقبال کو ’جہاز‘ کا نشان الاٹ کیا گیا جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو ’لیپ ٹاپ‘ کا نشان ملا ہے۔
زبیر نیازی ’پیراشوٹ‘ اور پی پی 169 سے میاں محمود الرشید ’ریکٹ‘ کے نشان پر الیکشن لڑیں گے۔
پرویزالہیٰ کی اہلیہ قیصرہ الہٰی ’فریج‘ کے نشان پر الیکشن لڑیں گی، بیرسٹر تیمور اور عامر ڈوگر کو ’کلاک‘ کا انتخابی نشان مل گیا، عرفان اللہ خان نیازی کو ’گھڑیال‘ کا نشان ملا ہے۔
تحریک انصاف کے امیدوار این اے 107 سے مہر ریاض فتیانہ کو کرسی، پی پی 123 آشفہ ریاض فتیانہ اور پی پی 124سے سیدہ سونیا علی رضا شاہ کو پیالہ کا نشان الاٹ کیا گیا۔
این اے 122 سے تحریک انصاف کے اظہر صدیق کو ’میڈل‘ جبکہ لطیف کھوسہ کو الفابیٹ ’(K)‘ کا انتخابی نشان الاٹ مل گیا جبکہ این اے 123 سے پی ٹی آئی امیدوار افضال عظیم پاہٹ کو ’ریڈیو‘ کا نشان الاٹ کیا گیا ہے
این اے 124 سےپی ٹی آئی امیدوار سردار عظیم اللہ کو ’گھڑی‘ اور ضمیر احمد کو ’ڈولفن‘ کا نشان الاٹ کیا گیا جبکہ این اے 125 سے پی ٹی آئی امیدوار جمیل اصغر بھٹی کو ’ڈھول‘ کا نشان مل گیا۔
این اے 128 سے پی ٹی آئی کے سلمان اکرم راجہ کو ’ریکٹ’ کا نشان الاٹ کیا گیا جبکہ این اے 129 سے پی ٹی آئی امیدوار میاں اظہر ’کرکٹ سٹمپ‘ کے نشان پر الیکشن لڑیں گے۔
حلقہ این اے 152 سے عمران شوکت کو ’ٹنل‘، این اے 75میں طاہر جاوید ’چارپائی‘ کے نشان پر الیکشن لڑیں گے جبکہ علی اصغر کو کنویں کا نشان الاٹ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ درست اور پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، جس کے بعد پی ٹی آئی ’بلے‘ کے انتخابی نشان سے محروم ہوگئی ہے۔