نواز شریف کل ننکانہ صاحب ہاکی سٹیڈیم میں جلسہ سے خطاب کریں گے

Published On 23 January,2024 09:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) رہنما مسلم لیگ (ن) اور سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف کل ننکانہ صاحب جائیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مریم اورنگزیب نے بتایا کہ نواز شریف ننکانہ صاحب کے ہاکی سٹیڈیم میں منعقدہ عوام کے ایک بڑے اور عظیم الشان اجتماع سے خطاب کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پارٹی کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف بھی قائد محمد نواز شریف کے ساتھ ہوں گی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پارٹی قائد پاکستان کی معاشی خود انحصاری اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے ایجنڈے پر بات کریں گے۔

اپنے پیغام میں مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ نواز شریف جلسہ میں پاکستان کی ترقی کا سفر پھر سے شروع کرنے کی اپنی حکمت عملی واضح کریں گے، سب راستے سب قافلے ننکانہ صاحب۔

ن لیگ کے سیاسی پاور شو کیلئے انتظامات

ننکانہ صاحب میں مسلم لیگ ن کے سیاسی پاور شو کے لٸے 20 فٹ اونچا اور 80 فٹ لمبا سٹیج تیار کر لیا گیا، جلسہ گاہ میں بڑی تعداد میں کرسیاں لگا دی گٸیں۔

جلسے کے لٸے مزید انتظامات جاری ہیں، مسلم لیگی عہدیداران، ٹکٹ ہولڈرز اور کارکنان کی بڑی تعداد سٹیڈیم میں موجود ہیں، مسلم لیگی قیادت کی طرف سے ہاکی سٹیڈیم میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔

شرکاء آتش بازی کے شاندار مظاہرے سے لطف اندوز ہوٸے، میاں نواز شریف کے ہیلی کاپٹر کے لٸے ہیلی پیڈ تیار کر لیا گیا، جلسے کی سکیورٹی کے لٸے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔
 

Advertisement