بلاول بھٹو کراچی میں الیکشن لڑنے سے کیوں ڈر رہے ہیں؟ حافظ نعیم الرحمان

Published On 28 January,2024 01:02 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی میں پیپلزپارٹی کا مینڈیٹ ہے تو بلاول بھٹو الیکشن لڑنے سے کیوں ڈر رہے ہیں؟

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے تیار نہیں، پیپلزپارٹی نے قبضہ کر کے میئر بنایا، بلاول بھٹو لیاری سے الیکشن نہیں لڑ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، جماعت اسلامی 25 ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی کی مفت تعلیم دے رہی ہے، جماعت اسلامی کے ساتھ چلیں گے تو نوجوانوں کا مستقبل روشن ہوگا، کراچی کے عوام کو ہیلتھ کارڈ ملنا چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی میں جماعت اسلامی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، ہم خواتین کو بااختیار بنانے کا ایجنڈا پیش کریں گے، کراچی ایک بار پٹڑی پر چڑھ گیا تو انڈسٹری ترقی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کراچی سے الیکشن لڑنے سے کیوں ڈر رہے ہیں؟ بانی پی ٹی آئی نے بھی کراچی سے کاغذات جمع نہیں کرائے تھے۔