8 فروری کو ترقی اور خوشحالی کا سورج طلوع ہوگا: شہبازشریف

Published On 30 January,2024 08:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آج ٹھاٹھیں مارتا سمندر گواہی دے رہا ہے کہ 8 فروری کو ترقی اور خوشحالی کا سورج طلوع ہوگا۔

شہبازشریف نے کہا کہ عطاء تارڑ دلیر، وفادار اور نوازشریف کا مرمٹنے والا ساتھی ہے، اس حلقے میں عطاء تارڑ کو بڑا سوچ سمجھ کر بھیجا ہے، عطاء تارڑ نے دن رات مشکل وقت میں ن لیگ کی خدمت کی، عطاء تارڑ دن رات عدالتوں میں دھکے کھاتا رہا ہمت نہیں ہاری۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے مزید کہا کہ میرے ایک مہربان نے کہا کہ لاہور میں پانی نہیں ملتا، کراچی میں ٹینکرز سے پانی ملتا ہے، لاہور میں ٹینکر کے پانی سے سڑکوں کو صاف کیا جاتا ہے، ہمیں موقع ملا تو کراچی کے ہر گھر میں نلکے میں پانی آئے گا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ کامیاب ہو کر اس حلقے کی قسمت بدل کر رکھ دیں گے۔