لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے سرکاری ملازمین کے مطالبات منظور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا) کے نمائندہ وفد نے چیف کوآرڈی نیٹر رحمان باجوہ کی قیادت میں مریم نوازشریف سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے اگیگا کے مطالبات پورے کرنے کا وعدہ کر لیا۔
آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے مطالبات میں چھٹیوں کے بدلے معاوضے کی ادائیگی، تنخواہوں میں تفریق ختم اور پنشن اصلاحات شامل ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کا نام وعدوں کی تکمیل کی ضمانت ہے، سرکاری ملازمین کے مسائل بغیر کسی احتجاج کے ان کی دہلیز پر حل ہوں گے، ان شاءاللہ، مسلم لیگ (ن) کے منشور میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کی تجویز شامل ہے۔
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ وہ سرکاری ملازمین اور تنخواہ دار طبقات کی مشکلات سے آگاہ ہیں، سرکاری ملازمین شیر پر مہر لگائیں، اُن کے مسائل کے حل کی ضمانت دیتی ہوں۔
رحمان باجوہ اور وفد کے دیگر قائدین نے سرکاری ملازمین کے مسائل کے حل کے وعدے پر مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا، اگیگا کے وفد کے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر مریم نوازشریف زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔