لاہور: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پیٹرن انچیف آئی پی پی جہانگیر خان ترین کے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے فیصلے پر رد عمل دے دیا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جہانگیر خان ترین ایک زیرک اور اعلیٰ اقدار کے حامل سیاست دان ہیں، انہوں نے ہمیشہ پروٹیکٹو شیلڈ کے طور پر پارٹی میں اپنا کردار نبھایا، پارٹی کو اس مقام تک پہنچانے میں ان کے کردار کو ہمیشہ سراہا جائے گا۔
آئی پی پی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ عہدے سے مستعفی ہونے کے باوجود وہ ذاتی حیثیت میں آئی پی پی فیملی کا حصہ رہیں گے، استحکام پاکستان پارٹی میں جہانگیر خان ترین کا احترام ہمیشہ باقی رہے گا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ استعفیٰ کے باوجود آئی پی پی ان کی سیاسی بصیرت سے استفادہ حاصل کرتی رہے گی، ان کے استعفیٰ کے بعد صدر عبدالعلیم خان پارٹی کے سربراہ اور روح رواں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ صدر آئی پی پی اپنی بہترین قائدانہ صلاحیتوں سے پارٹی کو مزید مستحکم کریں گے، آئی پی پی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سمیت تمام قیادت اور ورکرز ان کے ساتھ ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ آئی پی پی نے بہت تھوڑے عرصے میں اپنی الگ شناخت بنائی ہے، انشاء اللہ آنے والے دنوں میں آئی پی پی مزید مستحکم اور فعال ہو گی۔