لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر ”سڑکیں بحال.... پنجاب خوشحال“ پراجیکٹ شروع کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے صوبے بھر کی روڈز کی حالت پر تفصیلی بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے چھوٹی بڑی رابطہ سڑکوں کی تعمیرومرمت و بحالی کے لئے ڈیڈ لائن دے دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے نئی اور پرانی روڈز پر ایکسل لوڈ مینجمنٹ سسٹم پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی، ایکسل لوڈ مینجمنٹ سسٹم کے لئے روڈز پر الیکٹرک کانٹا (Weighing Machine) نصب کرنے کی منظوری بھی دیدی، مریم نواز نے روڈز کے زیر تکمیل منصوبے مکمل کرنے کا بھی حکم دیدیا۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کا لاہور میں پنجاب کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان
مریم نواز نے پنجاب بھر کے روڈ بریجز پر رپورٹ طلب کر لی، روڈ بریجز کی تعمیر و بحالی کے لئے سروے جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا، 6 ماہ میں پنجاب کی 153 سے زائد سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کرنے کا ہدف اور 5 اہم رابطہ سڑکوں پر ایکسپریس وے بنانے کا حکم بھی دیا۔
ملتان، وہاڑی روڈز سمیت دیگر سڑکیں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بنانے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب بھر میں کوئی بھی سڑک ٹوٹی پھوٹی نہ رہے، سڑکوں کی تعمیر و بحالی جلد مکمل کرائیں گے، مرکزی رابطہ سڑکوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کی رنگ روڈ منصوبہ بروقت مکمل کرنے کی ہدایت
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر وبحالی جلد چاہتے ہیں لیکن معیار پر قطعاً سمجھوتہ نہیں ہو گا، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے وزیراعلیٰ کو سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا پنجاب میں روڈ رائٹ ایپ کے ذریعے 7948 کلومیٹر روڈز سروے مکمل کر لیا گیا، 2000 کلومیٹر سڑکوں کا سروے پروفائل اور میٹر کے ذریعے کیا گیا، خود کار سروے میں 100 مقررہ پیرا میٹر کے ذریعے روڈز کی حالت کا تعین کیا گیا۔
اجلاس میں سابق سینیٹر پرویز رشید، ارکان اسمبلی عظمیٰ بخاری، چیف سیکرٹری، چیئرمین بی اینڈ ڈی، سیکرٹری فنانس اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔