لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سی ٹی او عمارہ اطہر نے ٹریفک مینجمنٹ پروگرام پر بریفنگ دی، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی نشاندہی کے لئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پہلے مرحلے میں موٹر سائیکل کا ہیلمٹ اور گاڑی میں سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس مانیٹرنگ کے ذریعے ای چالان ہو گا، دوسرے مرحلے میں ٹریفک قوانین کی 24 خلاف ورزیوں پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس مانیٹرنگ کے ذریعے چالان شروع ہو گا، ٹریفک کی روانی میں بہتری کے لئے 31 مقامات پر عارضی تجاوزات فوری طور پر ہٹانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کسی غریب کی ریڑھی نہ اٹھائی جائے، ریڑھیاں کھڑی کرنے کے لئے لائن لگا دی جائے، لاہور میں 82 مقامات پر روڈز انجینئرنگ اور ڈیزائننگ کی اجازت ہو گی، لاہور میں 28 مقامات پر سڑکوں کی تعمیرومرمت کی منظوری، 88 مقامات پر ون وے کی خلاف ورزی روکنے کے لئے ٹائر کلر لگائے جائیں گے، وزیراعلیٰ نے ٹریفک جام کی صورت میں وارننگ کے لئے سکرینیں نصب کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لئے سختی کرنا پڑی تو کریں گے، کسی بے گناہ کی جان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے، لوگوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے والوں سے رعایت نہیں کی جائے گی، مہذب معاشرے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کو اچھا نہیں سمجھا جاتا۔
سابق سینیٹر پرویز رشید، رکن اسمبلی مریم اورنگزیب، ثانیہ عاشق ، آئی جی پولیس، سی سی پی لاہور، کمشنر لاہور، سی پی او لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور، چیف انجینئر ایل ڈی اے، چیف انجینئر ٹیپا اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں موجود تھے۔