اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی اور دیگر کی تھانہ مارگلہ کے مقدمہ سے بریت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے بانی پی ٹی آئی و دیگر کی درخواست بریت منظور کرنے کا فیصلہ جاری کیا، تھانہ مارگلہ میں درج لانگ مارچ توڑ پھوڑ کے ایک اور کیس میں بانی پی ٹی آئی بری، اسدعمر، راجہ خرم نواز بھی لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس سے بری ہوگئے۔
عدالت کے جاری کردہ تحریری فیصلے کے مطابق وکلاء سردار مصروف، آمنہ علی نے درخواست بریت پر دلائل دیئے، پراسیکیوشن کی جانب سے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کا وقوعہ بتایا گیا، کسی بھی گواہ کو شامل تفتیش نہیں کیا گیا، مدعی مقدمہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر ہے جو انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مجاز نہیں۔
عدالت نے کہا کہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر بطور مدعی مقدمہ بھی درج کرنے کا مجاز نہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی عدالت کو مہیا نہیں کی گئی، تفتیشی افسر نے کوئی ثبوت بانی پی ٹی آئی و دیگر کے خلاف پیش نہیں کیا۔
بانی پی ٹی آئی اور دیگر پر پبلک و سرکاری ملازمین کو اکسانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔