اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سعودی وفد کی آمد سے سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کے نئے دور کا آغاز ممکن ہوا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی وفد کا وزیر خارجہ کی قیادت میں دورہ سے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری اور تجارتی و سٹریٹجک شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے بے حد مشکور ہیں کہ انکی خصوصی توجہ کی بدولت پاکستان سعودی عرب سرمایہ کاری و تجارتی تعلقات کے نئے دور کا آغاز ممکن ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی وفد کے دورے سے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی: وزیراعظم
شہبازشریف نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاری سے منصوبوں کی تکمیل کی خود نگرانی کروں گا، سعودی وفد کے دورہ پاکستان کو دونوں ممالک کیلئے باہمی طور پر مفید شراکت داری میں بدلنے کیلئے تیاری پر وفاقی وزراء SIFC اور متعلقہ افسران کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے عالمی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات لی جائیں، بین الاقوامی سرمایہ کاری کے منصوبوں کے حوالے سے کسی بھی قسم کی لاپروائی قبول نہیں، فرسودہ طریقہ کار اور سرخ فیتہ بالکل نہیں چلے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان، سعودیہ میں سرمایہ کاری، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون ناگزیر ہے: وزیراعظم
انہوں نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے وزارتوں کی استعداد بڑھانے کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے، سرمایہ کاری بورڈ، SIFC اور متعلقہ وزارتیں سعودی وفد کے مابین مذاکرات میں طے شدہ منصوبوں کی تکمیل کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیں، سعودی عرب کی جانب سے جلد معروف کاروباری شخصیات پر مشتمل ایک وفد کی پاکستان آمد متوقع ہے جو خوش آئند امر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر آئندہ دورہ سعودی عرب کے دوران سرمایہ کاری کے مزید مواقع کو حتمی شکل دی جائے گی، پاکستان اور سعودی عرب دیرینہ برادرانہ ممالک ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی سعودیہ کو پی آئی اے اور ایئرپورٹس کی نجکاری میں جوائنٹ وینچر کی پیشکش
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت پوری قوم خادم الحرمین شریفین سلمان بن عبد العزیز السعود اور ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان کے ساتھ تعاون اور شراکت داری کے فروغ میں گہری دلچسپی پر مشکور ہے، ملکی ترقی و خوشحالی کے ہدف کے حصول کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔