اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات 2024 میں عوام کی سہولت کیلئے الیکشن کمیشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر (ای ایم سی سی) قائم کر دیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اس سینٹر میں عوام کو الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اور اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت ہوگی، ان کی شکایت کے بروقت ازالہ کیلئے فوری طور پر کارروائی کی جائے گی اور اس مقصد کیلئے سینٹر میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے عوام کی شکایات کے اندراج اور ان کے فوری حل کیلئے چار سطحوں پر کنٹرول سینٹر قائم کئے ہیں جس میں الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد کے علاوہ صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق عوام مذکورہ ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں شکایات کے اندراج کیلئے ای ایم سی سی سینٹر کے عملہ سے ای میل complaints@ecp.gov.pk پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔
کمیشن نے عوام کی سہولت کیلئے ای ایم سی سی میں ایک مخصوص ہیلپ لائن کی سہولت بھی دی ہے جس کا رابطہ نمبر 051٫111327000 ہے، ای ایم سی سی پولنگ کے دن اور نتائج کے موصول ہونے چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔
کنٹرول سینٹر میں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کی مانیٹرنگ کی سہولت بھی موجود ہے، فیکس نمبر 0519204404 کے ذریعے بھی شکایات بھیجی جاسکتی ہیں۔