پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران سے حلف نہ لینے کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواستوں پر وزیراعلیٰ کے پی کے اور سپیکر صوبائی اسمبلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔
پشاور ہائیکورٹ میں مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران سے حلف نہ لینے کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، کیس کی سماعت جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس وقار احمد نے کی۔
دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ تفصیلی فیصلہ بھی آگیا اور 14 دن بھی پورے ہو گئے ہیں لیکن منتخب ممبران سے حلف نہیں لیا گیا جس پر جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے استفسار کیا کہ تفصیلی فیصلے کے بعد حلف کیوں نہیں لیا؟
بعدازاں پشاور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور اور سپیکر صوبائی اسمبلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔