اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم اور تاریخ سانحہ 9 مئی کے کرداروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔
وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 9 مئی محض تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن نہیں، یہ ریاست پر سیاست قربان کرنے اور سیاست کے لئے ریاست پر حملہ کر دینے والی دو سوچوں کو الگ الگ کر دینے والا دِن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف وطن پر لہو نچھاور کرنے والے قوم کے عظیم بیٹے، ان کے عظیم اہل خانہ، محب وطن عوام ہیں، دوسری طرف نفرت کی آگ میں سلگتے وہ کردار ہیں جن کے دِل میں ریاستی مفادات کا کوئی درد نہیں ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم اور تاریخ سانحہ نو مئی کے کرداروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی، ایک سال گزر گیا لیکن قوم اور پاکستان اپنے مجرموں کو نہ بھولے ہیں نہ بھولیں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ وعدہ ہے ارض پاک، عظیم شہداء، اُن کے ورثا اور قوم سے 9 مئی پھر کبھی نہیں ہوگی، ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کی منازل طے کرنی ہیں، اپنی آنے والی نسلوں کو ایک روشن مستقبل دینا ہے۔