بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات ہوئی۔
پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک مذاکرات کے پانچویں روز نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی، چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو دورہ چین پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
وانگ ژی نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، چین اور پاکستان تزویراتی شراکت دار ہیں، چین اور پاکستان کے درمیان دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار کی چین کے ایگزیکٹو نائب وزیراعظم سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسحاق ڈار کا منصب سنبھالنے کے بعد دورہ چین اہمیت کا حامل ہے، چین کی ون چائنہ پالیسی پر پاکستانی موقف قابل تحسین ہے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ چین کی طرف سے گرمجوشی پر مبنی استقبال کو سراہتا ہوں، پاک چین تزویراتی مذاکرات پانچویں دور کے ایک سال بعد ہو رہے ہیں، پاک چین دوستی علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے ضروری ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ میری چینی نائب وزیراعظم سے مختلف موضوعات پر تعمیری اور مفید بات چیت ہوئی، سی پیک، علاقائی جغرافیائی صورتحال سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوئی، مذاکرات میں پاکستان اور چین میں کئی اہم امور پر اتفاق رائے ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں، مسئلہ کشمیر پر چین کی مسلسل حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان، تائیوان اور جنوبی بحیرہ چین سمیت تمام بنیادی امور پر چین کی حمایت جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے شوگوانگ کے میئر کی ملاقات
اسحاق ڈار نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا، چین نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سلامتی پر اپنی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ایم ایل ون، گوادر بندرگاہ، کان کنی، آئی ٹی، توانائی، زراعت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا، انہوں نے کہا کہ افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین پردہشت گرد پناہ گاہوں کوختم کرے۔