اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایوان میں کسانوں کے لئے آواز اٹھائی۔
شازیہ مری نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کسانوں کے معاشی قتل پر حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب اور پسے ہوئے طبقے کی بات کی ہے، آج بھی چیئرمین صاحب نے لوگوں کو درپیش مسائل پر بات کی۔
پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہمارے چیئرمین کی تقریر کے دوران پی ٹی آئی نے شور مچاکر ماحول خراب کیا، پی ٹی آئی ایوان میں غنڈہ گردی کرنے آتی ہے، انہیں عوام سے غرض نہیں۔
شازیہ مری نے مزید کہا کہ ہم 9 مئی میں ملوث ٹولے کو ایوان کا ماحول ہرگز خراب کرنے نہیں دیں گے۔