لندن (حسیب ارسلان) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے آکسفورڈ یونیورسٹی میں بلوچ طلبہ کیلئے نئی گریجویٹ سکالر شپ کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے یہ اعلان برطانیہ میں آکسفورڈ پاکستان پروگرام انڈومنٹ فنڈ کے پروقار سالانہ عشائیہ میں کیا، عشائیہ میں سابق نگران وزیراعظم اور سینیٹر انوارالحق کاکڑ، ملالہ یوسفزئی سمیت 150 کے قریب معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
پروفیسر کمال منیر (پرو وائس چانسلر کیمبرج یونیورسٹی)، سینئر ماہرین تعلیم اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے منتظمین اور برطانیہ میں مقیم ممتاز پاکستانیوں نے بھی شرکت کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام اور سماجی ترقی کے لئے اعلیٰ تعلیم کا کردار اہم ترین ہے، بلوچستان سے مستقبل کے لیڈروں کی تربیت کے لئے یہ سکالر شپ سنگ میل ثابت ہوگا، یہ اقدام نہ صرف تعلیمی تفاوت کو دور کرے گا بلکہ اعلیٰ تعلیم کی ترویج میں اضافہ بھی کرے گا۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان کی مقامی ضروریات اور عالمی تعلیمی معیار کے درمیان ربط قائم ہوگا، یہ صرف مالی امداد نہیں بلکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکالرشپ کو عملی جامہ پہنانے میں او پی پی اور تمام شراکت داروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔