مون سون ہواؤں کے زیر اثر آج شہر قائد میں بادل برسنے کو تیار

Published On 08 July,2024 12:54 pm

کراچی: (رطابہ عروس) شہر قائد کراچی میں مون سون ہواؤں کے زیر اثر آج گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کر دی گئی۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق شہر میں اس وقت مطلع جزوی ابر آلود، موسم گرم اور مرطوب ہے جبکہ دوپہراورشام کے اوقات میں بارش متوقع ہے تاہم شہر میں کل بھی ابر رحمت کا امکان ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جارہی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 73 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔