اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت گرین پاکستان منصوبے سے متعلق اجلاس ہوا، صدر مملکت نے کچھی کینال منصوبے کو ڈیڑھ سال میں مکمل کرنے پر زور دیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت منصوبے کی ترجیحی بنیادوں پر بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے فنڈز فراہم کرے گی، کچھی کینال سے بلوچستان کی 7 لاکھ 13 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہوگی۔
اجلاس میں صدر مملکت کو گرین پاکستان منصوبے کیلئے چھ سٹریٹجک نہروں کی تعمیر بارے بریفنگ دی گئی، اجلاس میں وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی، صدر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گرین پاکستان منصوبے کیلئے چھ سٹریٹجک نہروں کی تعمیر کی جائے گی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سٹریٹجک نہروں میں چشمہ رائٹ بینک، کچھی، رینی، گریٹر تھل، چولستان اور تھر کینال شامل ہیں، نہروں سے قابل کاشت رقبہ، لائیو سٹاک اور ماہی گیری کی صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی، صدر مملکت نے گرین پاکستان منصوبے کیلئے سٹریٹجک نہروں پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔
صدر مملکت نے کہاکہ پانی کا ضیاع روکنے کیلئے سٹریٹجک نہروں کی کنکریٹ لائننگ کی جائے، آبی تحفظ، پانی کا ضیاع کم کرنے، پانی کی دستیابی بڑھانے کیلئے آبپاشی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا۔
صدر مملکت نے نہروں کے پاس کے بنجر علاقوں میں ڈرپ آبپاشی فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا، صدر مملکت نے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی کی اصلاح اور بہتر بنانے پر زور دیا اور کہا کہ سرکاری اراضی کے پیداواری استعمال کیلئے عالمی مالیاتی اداروں اور سٹاک ایکسچینج سے فنڈنگ کے حصول کیلئے سٹیٹ لینڈ بینک قائم کیا جائے۔
صدر مملکت کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پانی کی دستیابی اور بہاؤ کے حوالے سے درست ڈیٹا شیئرنگ کیلئے 27 ٹیلی میٹری پوائنٹس قائم کئے جائیں گے۔