شہر قائد میں مطلع جزوی ابر آلود، بوندا باندی کا امکان

Published On 10 July,2024 10:25 am

کراچی: (رطابہ عروس) شہر قائد میں مطلع جزوی ابر آلود ،موسم گرم اور مرطوب ہے جبکہ کراچی میں آج بھی ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد حرارت میں نمایاں کمی ہوئی ہے ، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصدتک پہنچ گیا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بھی بونداباندی اور ہلکی بارش کا امکان جبکہ شہر کے مضافات میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ کراچی میں مون سون کا اگلا سپیل 20 جولائی کے بعد اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ شہر میں سمندری ہوائیں شام سے بحال ہونے کی توقع ہے اور کل سے شہر میں تیز ہواؤں کے ساتھ شام، رات میں کچھ مقامات پر بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق شہر کا آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کی توقع ہے جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔