شرجیل میمن کا منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم

Published On 10 July,2024 06:27 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پریمئم نمبر پلیٹس کی دوسری نیلامی شروع کرنے اور نمبرز کے اجرا کے لئے الگ دفتر قائم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے پہلی نیلامی میں جاری کردہ پریمئم نمبر پلیٹس کے تمام قانونی تقاضے جلد از جلد پورے کرنے کی ہدایات کی گئی، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پریمئم نمبر پلیٹس صرف رجسٹرڈ گاڑیوں پر ہی آویزاں کی جا سکیں گی۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پریمئم نمبر پلیٹس لگانے کے لئے متعلقہ گاڑی کا رجسٹرڈ ہونا لازمی ہوگا، اجلاس میں سینئر وزیر نے غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف جاری مہم، چیک پوسٹس کی تعمیراتی کام سے متعلق بھی تفصیلات معلوم کیں۔

شرجیل میمن نے نارکوٹکس کنٹرول ونگ کے اہلکاروں کے لئے مزید یونیفارم تیار کرنے کی بھی ہدایات کی، منشیات فروشی میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف ڈیپارٹمنٹل کارروائی کے لئے چیف سیکرٹری سے خط و کتابت کا فیصلہ کیا گیا۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ نئی نسل کو منشیات فروشوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، سخت سے سخت کارروائیاں کی جائیں گی، منشیات فروشوں کے خلاف کیسز کی مضبوط پیروی کو یقینی بنایا جائے تاکہ منشیات فروش اپنے منطقی انجام تک پہنچ سکیں۔