اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ملک تباہ کرنے والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، جمعہ کو ساری قوم نکلے گی۔
تحریک انصاف کے بھوک ہڑتالی کیمپ کے دوسرے روز اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، شبلی فراز، اسد قیصر اور دیگر نے شرکت کی۔
بھوک ہڑتالی کیمپ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا ہے کہ مہنگائی اور ٹیکسوں کے خلاف جمعہ کو ہم نے پرامن طور پر نکلنا ہے، ہمارا پہلا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی اور دیگر گرفتار کارکنوں کو رہا کیا جائے۔
علامہ راجہ ناصر
علامہ راجہ ناصر نے کہا کہ آئین کی بالادستی کیلئے ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، جس کے ساتھ 96 فیصد عوام ہو اس پر آرٹیکل 6 لگانے کی باتیں ہو رہی ہیں، ملک کو تباہ و برباد کرنے والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہئے، ہم ان بزدلوں سے ڈرنے والے نہیں، کیا رول آف لا کی بات کرنا غداری ہے؟
محمود خان اچکزئی
محمود خان اچکزئی نے کہا سیاسی جماعتوں پر پابندی کا دور گزر چکا ہے، پاکستان تاریخ کے بدترین بحران میں مبتلا ہے، موجودہ حکومت زر اور زور کی بنیاد پر آئی، ہمارا اتحاد اس لئے نہیں بنا کہ کسی سے حکومت چھینی جائے، ہمارا اتحاد آئین کی بالادستی کیلئے بنا ہے۔
لطیف کھوسہ
لطیف کھوسہ نے کہا آزاد عدلیہ کیلئے آخری دم تک کھڑے ہیں، توقع کرتے ہیں جمعہ کے روز ساری قوم نکلے گی، سپریم کورٹ کے ایک جج کے بچوں کی آج ویڈیو وائرل کی گئی، شرمناک حرکتیں کی جارہی ہیں، یہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاگل ہوگئے ہیں۔